کراچی میں ترقیاتی کام جاری، ہر سڑک پر جدید بسیں چلیں گی، شرجیل میمن

کراچی میں ترقیاتی کام جاری، ہر سڑک پر جدید بسیں چلیں گی، شرجیل میمن

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ دعا میں پاکستان کی بقا و سلامتی، سانحہ گل پلازہ کے شہدا اور کراچی میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پیپلز پارٹی کی رکن ہیر سوہو نے لاہور کے واقعے پر دعا کی درخواست کرتے ہوئے طنزیہ طور پر سوال کیا کہ کیا اب لاہور کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ ہوگا۔

سپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے بتایا کہ 14 سال بعد سندھ اسمبلی کامن ویلتھ کانفرنس کی میزبانی کر رہی ہے جو 4 فروری کو ہوگی، سپیکر نے ارکان اسمبلی سے بھرپور شرکت کی ہدایت کی اور صوبائی وزیر شرجیل میمن کی تحریک کی منظوری دی کہ اسمبلی ہال کو کانفرنس ہال میں تبدیل کیا جائے۔

وقفہ سوالات کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق سوالات کے جواب دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کی ہر سڑک پر جدید بسیں چلیں گی، مزید بسیں کراچی پورٹ پر موجود ہیں اور ٹریفک کے لیے سمارٹ سسٹم پر کام جاری ہے، بس ٹرمینلز سے مفت شٹل سروس فراہم کی جا رہی ہے اور بسوں کو شہر سے باہر رکھنے کا فیصلہ ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لیے کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 15 ہزار خواتین نے پنک سکوٹی کے لیے درخواستیں دی ہیں، نجی کمپنی مفت ٹریننگ دے رہی ہے اور ٹریفک ٹیسٹ پاس کرنے والی خواتین کو سکوٹی فراہم کی جائے گی۔

انفراسٹرکچر کے حوالے سے شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی کی سڑکیں بن رہی ہیں، کے ایم سی اور محکمہ بلدیات سڑکوں کی تعمیر میں مصروف ہیں، شہر میں میگا پروجیکٹس جاری ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ نے حال ہی میں 90 ارب روپے مختص کیے ہیں۔