بلوچستان: ’’رد الفتنہ ون‘‘ کامیابی سے مکمل، 216 دہشت گرد جہنم واصل

بلوچستان: ’’رد الفتنہ ون‘‘ کامیابی سے مکمل، 216 دہشت گرد جہنم واصل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں عورتوں بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جنوری کو پنجگور اور ہرنائی کے مضافاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز فوری حرکت میں آئیں، دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر کارروائیاں کیں جس سے بھارت کے ساتھ روابط میں موجود 41 دہشت گرد مارے گئے۔

بعد ازاں بہادر سکیورٹی فورسز کی جارحانہ اور ثابت قدم کارروائیوں نے فتنہ الہندستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی مایوس کن کوششوں کو مؤثر طور پر ناکام بنا دیا، اس کے بعد متعدد علاقوں میں دہشت گردوں کے خفیہ نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر کارروائیاں شروع کی گئیں، جن میں مسلسل سرچ اور کلیئرنس آپریشنز شامل تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق محتاط منصوبہ بندی، قابلِ عمل انٹیلی جنس اور مربوط مشترکہ کارروائی کے ذریعے پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت سے آپریشن ردالفتنہ-1 کے تحت نہایت درستی اور عزم کے ساتھ کارروائی کی، ان مربوط جھڑپوں اور بعد ازاں کلیئرنس آپریشنز کے نتیجے میں 216 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جس سے دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے اور عملی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھئے: کسی بھی دہشت گرد اور سہولت کار کو نہیں چھوڑا جائے گا: فیلڈ مارشل

واضح رہے کہ ان کارروائیوں کے دوران غیر ملکی ساختہ ہتھیاروں، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیگر آلات کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان شدت پسند عناصر کو بیرونی سطح پر منظم سہولت کاری اور لاجسٹک مدد حاصل تھی۔

دہشت گردوں کے حملوں میں 36 بے گناہ شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، شہادت کے درجے پر فائز ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 22 بہادر اہلکاروں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم خدمت کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاسی کرتے ہیں، پوری قوم ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور تمام شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج حکومتِ پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کی ہر شکل اور پہلو کے خلاف لڑنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

آپریشن ردالفتنہ-1 پاکستان بالخصوص بلوچستان کے غیور عوام کے اس غیر متزلزل عزم کی علامت ہے کہ وہ ہمیشہ تشدد کے بجائے امن، تقسیم کے بجائے اتحاد اور انتشار کے بجائے ترقی کو ترجیح دیتے ہیں۔

صدر زرداری کا ردّ الفتنہ 1 کی کامیابی پر فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں آپریشن ردّ الفتنہ-1 کی کامیاب تکمیل پر پاک فوج، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ناکام بنی۔

صدر زرداری نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت اور ریاست کی اولین ترجیح ہے، انٹیلی جنس پر مبنی مربوط کارروائیوں کے ذریعے دہشتگرد نیٹ ورکس کی قیادت اور آپریشنل صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا۔

صدرِ مملکت نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے معصوم شہریوں اور بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔

وزیراعظم کا شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن رد الفتنہ کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے دہشت گردوں کے حملوں میں خواتین و بچوں سمیت 36 افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور مادرِ وطن پر قربان ہونے والے 22 سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانی کبھی فراموش نہیں کر سکتی، بزدل دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملاتے رہیں گے، دہشت گردوں نے بلوچستان کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر ثابت کر دیا کہ یہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور عوام کے دشمن ہیں۔

دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں آپریشن ردّ الفتنہ 1 کی کامیابی پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے قوم کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ہر خطرے کے خلاف بھرپور مؤثر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔