خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے جیلانی پارک میں قائم رمضان فیسٹیول کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں، کوالٹی اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئےموقع پر موجود افسران کو سخت ہدایات جاری کیں۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ فیسٹیول وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کم آمدن والے طبقے کیلئے خصوصی رمضان ریلیف فراہم کرنے کیلئے منعقد کیا گیا ہے جہاں معروف برانڈز کی 20 فیصد سے زائد رعایتی آفرز دی جا رہی ہیں۔
رمضان فیسٹیول مکمل طور پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اسپانسرشپ اور وولنٹری ڈسکاؤنٹ ماڈل پر قائم ہے اور اس کے قیام پر سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔
فیسٹیول میں 165 سے زائد سٹالز فعال ہیں، جہاں اشیائے خوردونوش و روزمرہ استعمال کی معیاری اشیاء دستیاب ہیں، پنجاب بھر میں 74 رمضان فیسٹیول عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں، بچوں اور سپیشل بچوں کیلئے خصوصی گفٹس، سٹالز اور فیملی فرینڈلی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عوام کی سہولت اور تحفظ کیلئے ریسکیو 1122، ویسٹ مینجمنٹ، کلینک آن ویلز اور سکیورٹی کے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ، صاف اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف عوامی خدمت اور ریلیف کے ایجنڈے پر پوری سنجیدگی اور شفافیت کے ساتھ عمل پیرا ہیں، انڈسٹری سٹیک ہولڈرز اور معروف برانڈز کے بھرپور تعاون پرشکرگزار ہیں۔