خدا کیلئے اپیلیں سنی جائیں، بے گناہوں کو انصاف دیا جائے: شیخ رشید

خدا کیلئے اپیلیں سنی جائیں، بے گناہوں کو انصاف دیا جائے: شیخ رشید

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ علیمہ خان جس ڈاکٹر کا نام تجویز کر رہی ہیں اسے بانی کی میڈیکل ٹیم میں شامل کیا جائے، اس ڈاکٹر کا نام شامل کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ اور رسولؐ کے واسطے اپیلیں سنی جائیں، جیلوں میں لوگ مر چکے ہیں اور کئی افراد کو 40، 40 سال کی سزائیں سنائی گئی ہیں، میرے بھتیجے راشد شفیق کو بے گناہ سزا دی گئی، شیخ راشد اس وقت موجود ہی نہیں تھا اور اس نے فیصل آباد دیکھا تک نہیں تھا، اس کے باوجود اسے چالیس سال قید کی سزا دے دی گئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، خرید و فروخت کا نظام ٹھپ ہو چکا ہے، ملک پر رحم کیا جائے اور عام آدمی کے حالات بہتر بنائے جائیں۔

سابق وفاقی وزیر نے رمضان المبارک کے حوالے سے کہا کہ روزے کی اہمیت، اس کی نیکی اور اس کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے غریب طبقے کے لئے خصوصی ریلیف اور رعایت کا اعلان کیا جائے۔