خلاصہ
- وہاڑی: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے ایک سوچ پر حکومت بنائی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ چلنے کا ارادہ ہے، عمران خان کے دور میں حکومت فیض حمید نے کی، کے پی حکومت مار کٹائی پر اتری ہوئی ہے۔
وہاڑی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے ایک سوچ پر حکومت بنائی، ہم نے مریم بی بی، شہباز شریف کو بھی ووٹ دیا، ہمارا شہباز شریف اورمریم بی بی کے ساتھ چلنے کا ارادہ ہے، ہم نے صدر کی سیٹ کیلئے بھی ووٹ مانگا۔
4 سال بانی کی نہیں، فیض حمید کی حکومت تھی
صدر زرداری نے کہا کہ 4سال بانی کی نہیں فیض حمید کی حکومت تھی، فیض حمید کو کیا پتہ کہ کیسے حکومت کرنی اورریلیف دینا ہے، مجھے پتہ تھا بلوچستان کے عوام کن مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، بلوچوں کو خود ڈیمانڈ دیں کہ یہ مانگو۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کوشش کررہے ہیں،حالات پہلے سے بہتر ہیں، کے پی حکومت مارکٹائی پر اتری ہوئی ہے، انہوں نے ملک بنانا نہیں، انہوں نے خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں کوئی کام نہیں کیا، یہ ملک 4سال رکا رہا، کوئی کام نہیں ہوا، اس شخص کو روز بھاشن دینے کی عادت تھی۔
سیاست کرنی ہے تو تکالیف برداشت کرنا ہوں گی
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ٹی وی پر اس کی تقریر آتی تھی، اس شخص کو جیل میں صرف ڈیڑھ سال ہوئے، جیل غیرت سے کاٹی جاتی ہے، اس کا بیٹا کہہ رہا ہے کال پر بات نہیں کرائی جاتی، میں نے 14سال جیل کاٹی، جب جیل سے باہر آیا تو میرے بچے قد میں مجھ سے بڑے ہوچکے تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ تکالیف تو آپ کو برداشت کرنا ہوں گی،یہ زندگی کا حصہ ہے، اگر جیل نہیں کاٹ سکتے تو کوئی آسان کام کرلیں، اگر جیل نہیں کاٹ سکتے تو کوئی آسان کام کرلیں، ہر جگہ کرکٹ کلب بناتے کوئی ایک شعبہ اپنا لیتے، اگر سیاست کرنی ہے تو پھر اس میں ہر شعبہ آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت ہی مسائل کا حل ہے، میں خود 7 پشتوں سے زمیندار ہوں، اپنے دور میں گندم کی قیمتوں پر لیول پلیئنگ فیلڈ بنائی، پورے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ ایکڑ زرعی زمین آباد کی۔
پنجاب کو 30 سال سے کہہ رہا ہوں اپنا پانی راوی سے نکالیں
آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھو دریا ہزاروں سال سے بہہ رہا ہے، پنجاب کو30سال سے کہہ رہا ہوں اپنا پانی راوی سے نکالیں، ہمیں پانی کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہوگا، ہم نےایک ملین ہیکٹر سے زیادہ مینگروز لگائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہر چیز کو سنبھل کر، دیکھ کر اورسوچ کر کرتا ہوں، پاکستان بنانے میں سندھ سب سے آگے تھا، سندھ اسمبلی نے پہلے اس کے بعد ڈھاکا اسمبلی نے پاکستان پاس کیا۔
خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دے رہے ہیں
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سدا بادشاہی اللہ کی ہے ،انسان نے ختم ہوجانا ہے، بینظیر انکم سپورٹ کارڈ خواتین کو بااختیار بنا نے کیلئے بنایا، سندھ میں زمین خواتین کیلئے تقسیم کی، اب گھر وں کے مالکانہ حقوق بھی خواتین کو دے رہے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ میں اپنے کسانوں کے ساتھ ہوں، ہاری کے پاس چارپیسے کم ہوں تو تکلیف ہوتی ہے، میں کبھی ہاری سے ادھار واپس نہیں لیتا، ہم دنیا میں کاربن کریڈٹس فروخت کررہے ہیں، کاربن کریڈٹس کا پروجیکٹ 10سال سے جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ آلودگی، پانی اورخراب راستے ہیں، سندھو پر 9پل بنواچکا ہوں، ہم نے سندھ میں ڈاکو راج ختم کیا ہے، پنجاب تک سندھ پولیس ڈاکوؤں سے لڑی ہے۔