عمران خان کو اڈیالہ جیل میں حاصل سہولیات کے بارے میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

عمران خان کو اڈیالہ جیل میں حاصل سہولیات کے بارے میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

 جیل سپرنٹنڈنٹ کی جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل کے ایک علیحدہ کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے جو 7 سیلز پر مشتمل ہے اور جس میں 35 قیدیوں کے رہنے کی گنجائش موجود ہے، کمپاؤنڈ کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری بھی موجود ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے 35 بائی 37 فٹ کا لان مختص کیا گیا ہے جہاں وہ چہل قدمی کے علاوہ اخبارات اور کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں، مزید برآں انہیں ورزش کے لیے سائیکلنگ مشین اور جم کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی اور چیا سیڈز شامل ہوتے ہیں، جبکہ مسمی اور انار کا تازہ جوس بھی ان کی غذا کا حصہ ہے۔

دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغی، مٹن، سلاد، اچار، آلو چپس، فرائی انڈہ اور مکس دال فراہم کی جاتی ہے، شام کی غذا میں بادام، کشمش، ناریل پاؤڈر، کھجور، کیلا اور سیب کا شیک دیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام بنیادی اور اضافی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔