افغان سفارتکار کی طلبی، باجوڑ حملے میں افغان سرزمین کے استعمال پر احتجاج

افغان سفارتکار کی طلبی، باجوڑ حملے میں افغان سرزمین کے استعمال پر احتجاج

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق، افغان نائب سفیر کو ایک باضابطہ احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے جس میں باجوڑ حملے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 16 فروری کو باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر ایک دہشت گرد حملہ ہوا تھا، جس کے لیے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے سرحد پار سے آکر کارروائی کی تھی، اس حملے کے نتیجے میں وطنِ عزیز کے 11 بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ افغان سرزمین اب بھی پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، ٹی ٹی پی کی پوری قیادت افغانستان میں موجود ہے، ٹی ٹی پی افغان سرزمین سے کھلے عام اور بلاروک ٹوک سرگرم ہے۔

افغان سفارت کار کو بتایا گیا کہ اس طرح کے واقعات دوطرفہ تعلقات اور خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہیں، طالبان کی متعدد یقین دہانیاں کے باوجود بدقسمتی سے ان پر کوئی واضح یا ٹھوس عمل درآمد نظر نہیں آیا،

پاکستان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف موثر اور ٹھوس کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔