خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ رمضان میں لا اینڈ آرڈر پر کنٹرول چاہئے اس سلسلہ میں شہر کا سرپرائز وزٹ کروں گا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ رمضان المبارک کے تینوں عشروں میں فول پروف اور زیرو ٹالرنس سکیورٹی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، درگاہوں، تراویح اجتماعات اور افطار پوائنٹس کی خصوصی نگرانی کی جائے، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔
.jpg)
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سنیپ چیکنگ، موبائل گشت، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سرچ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ افطار و سحر کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ مارکیٹس، شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز میں رش کے پیش نظر پارکنگ کے متبادل انتظامات اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
ضیا الحسن لنجار نے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران مربوط حکمت عملی، باہمی کوآرڈی نیشن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے صوبے بھر میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے۔
.jpg)
اس موقع پر ذریعہ ویڈیو لنک ڈی آئی جی حیدرآباد و متعلقہ ایس ایس پیز نے بھی رمضان المبارک کنٹی جینسی پلان پر اپنی اپنی ترجیحات اور پولیس حکمت عملی کے بارے میں بتایا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ تراویح،جمعتہ المبارک یوم قدس،یوم شہادت حضرت علی،طاق راتوں،عید الفطر سمیت دیگر رمضان ایونٹس کی سکیورٹی انجام دے رہے ہیں، دوسرے عشرے میں مارکیٹس پر رش کے باعث سکیورٹی پر خصوصی فوکس ہے۔
اجلاس میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جیز کراچی، سپیشل برانچ، آپریشنز سندھ، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ضلعی ایس ایس پیز کراچی، اے آئی جی آپریشن نے بالمشافہ جبکہ ڈی آئی جی حیدرآباد اور متعلقہ ایس ایس پیز نے ذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔