خلاصہ
- لاہور: (محمد اشفاق) پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی، لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا گیا، جو 23 فروری کو کیس کی سماعت کرے گا۔
پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں مجموعی طور پر 200 سے زائد درخواستیں دائر کی گئی ہیں، درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں نے پیرا فورس کے استعمال سے شہریوں کی اراضی واگزار کروانا شروع کر دی حالانکہ یہ اختیار متعلقہ ٹریبونل کا تھا۔
درخواستوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آرڈیننس کا مبینہ طور پر غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور کمیٹیاں اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر رہی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد آرڈیننس پر عمل درآمد عارضی طور پر روک دیا تھا اور حکومت پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے فل بنچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔
بعد ازاں چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ تشکیل دیا گیا جس میں جسٹس جواد ظفر ظفر اور جسٹس عبہر گل خان بھی شامل ہیں، فل بنچ 23 فروری کو کیس کی سماعت کرے گا۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔