خلاصہ
- جدہ: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی مالدیپ اور فلسطین کے وزرا خارجہ اور ترک نائب وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے وزیر خارجہ عبد اللہ خلیل سے ملاقات او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران جدہ میں ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور فلسطین کے منصفانہ کاز کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے جدہ میں ترک نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلکایا سے ملاقات کی، پاکستان اور ترکیہ نے سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: او آئی سی اجلاس: غزہ میں نسل کشی، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قبول نہیں، پاکستان
او آئی سی اجلاس کے موقع پر ملاقات میں اہم علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے ریاستِ فلسطین کی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ورسن آغابیکیان شاہین سے ملاقات کی، ملاقات جدہ میں او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے موقع ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی حملوں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطبق ملاقات میں غزہ کی انسانی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، رہنماؤں نے بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور فوری تعمیرِ نو کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔