خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی شریعت اپیلیٹ بینچ نے کوٹہ سسٹم کو غیر شرعی قرار دینے کے خلاف اپیل کی سماعت متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ماہ تک ملتوی کردی۔
جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا کوٹہ سسٹم اسلام کے اصولوں کے مطابق ہے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے واضح کیا کہ آرٹیکل 27 میں کوٹہ سسٹم کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں اور اس حوالے سے قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کو دیا گیا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کوٹہ سسٹم 40 سال کے دورانیے کے بعد ختم ہو چکا ہے۔
جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کوٹہ سسٹم کے دورانیے کو بڑھانے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے۔
مزید برآں، جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ کوٹہ سسٹم صوبوں کی آبادی کے تناسب سے موجود ہے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے تصدیق کی کہ جی ہاں، ہر صوبے کی آبادی کے تناسب کے مطابق اس پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ جن صوبوں کی آبادی کم ہے انہیں بڑھایا جائے ان ریمارکس کے ساتھ ہی عدالت نے سماعت اپریل کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔