خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) عازمین حج کیلئے خوشخبری، حج پروازوں کا شیڈول سامنے آگیا۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی، پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی، عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔
سرکاری سکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا، سرکاری سکیم کے تحت 51 ہزار 846 خواتین عازمین حجاز مقدس جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، جدہ کے لئے چار مئی سے حج پروازوں کا آغاز کیا جائے گا، پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا، حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لئے 282 پروازی چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، پاکستان کے 8 شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔
اسلام آباد سے 129، کراچی 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلیں گی، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ حج پروازیں عازمین کو سعودی عرب لے جائیں گی۔