مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال، چھ دن بعد پہلی پرواز کی پاکستان آمد

مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال، چھ دن بعد پہلی پرواز کی پاکستان آمد

دبئی سے نجی ایئر لائن کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی، پرواز 28 فروری سے دبئی میں پھنسے مسافروں کو لیکر ریلیف کے طور پہنچی،پرواز میں 300 سے زائد مسافر دبئی سے کراچی پہنچے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث فضائی بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور پانچ روز کے دوران 8 ممالک کی منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی تھیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے مسلسل چھٹے روز بھی مشرق وسطیٰ کے لئے پروازیں متاثر ہوئی تھیں اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔

ایوی ایشن ذرائع نے بتایا تھا کہ کراچی سے مشرق وسطیٰ کے لئے 35، لاہور سے 29، ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12 اور فیصل آباد سے 6 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئی تھیں، اس کے علاوہ کوئٹہ سے مشرق وسطیٰ کے لئے 2 پروازیں بھی منسوخ کردی گئی تھیں۔

دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے پیش نظر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ ایئرپورٹس سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئی تھیں، رپورٹس کے مطابق حملوں کے باعث ریاض اور دمام کے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے تھے جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ جبکہ 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔