خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلوچستان میں دو الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کارروائی ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 12 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
ایک اور خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی ضلع بسیمہ میں کی گئی، اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا اور مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے انہیں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اس دوران بھارت کے حمایت یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، یہ عناصر متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرمِ عمل رہے تھے۔
سکیورٹی فورسز کے علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔