خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) عالمی کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے توانائی بچت اقدامات شروع کر دیے، جس کے تحت سرکاری دفاتر کے اوقات کار محدود کر دیے گئے۔
حکومتی پالیسی کے مطابق اب متعدد سرکاری دفاتر ہفتے میں صرف چار دن کھلیں گے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کئی ادارے بند رکھے جائیں گے، توانائی بچت پالیسی کے پہلے ہفتے کے تحت لاہور کے اہم انتظامی ادارے آج جزوی طور پر بند رہے اور شہریوں کو محدود سروسز فراہم کی گئیں۔
جزوی تعطیل کے باعث لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)، واسا، پی ایچ اے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے بعض دفاتر بند رہے، اسی طرح پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، محکمہ ہاؤسنگ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے دفاتر بھی بند رکھے گئے۔
حکام کے مطابق توانائی اور پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں کمی لانے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں، تاہم شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری عملہ ڈیوٹی پر برقرار رکھا گیا ہے۔
واسا کے ٹیوب ویلز اور ڈسپوزل سٹیشنز کے آپریٹرز معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ انتظامی اور مینجمنٹ سٹاف کو چھٹی دی گئی ہے، اسی طرح ایل ڈی اے کے دفاتر بند ہونے کے باوجود شہر میں جاری ترقیاتی کام بدستور جاری ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ توانائی بحران کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سرکاری آپریشنز محدود کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے جزوی ڈیوٹی سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔