خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی شہری علاقوں کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت اور وحشیانہ طاقت کے ذریعے قائم افغانستان کی غیر قانونی حکومت اپنی ذمے داریوں سے مسلسل مکر رہی ہے۔
اپنے بیان میں صدرِ مملکت نے کہا کہ افغانستان نے دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اب وہ اسلامی دنیا کی ایک بڑی عسکری طاقت کو اشتعال دلانے کی جسارت بھی کر رہا ہے، جبکہ افغان حکومت بیک وقت پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ مذاکرات کی خواہش بھی ظاہر کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان نے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر کے ایک سرخ لکیر عبور کر لی ہے، پاکستان خلیج کے خطے اور مغربی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے، لیکن غیر قانونی اور دہشت گرد طالبان حکومت نے یہ سرخ لکیر عبور کر کے اپنے اوپر سنگین نتائج مسلط کر لیے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ڈرون کے ملبے سے زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔