صحافت کی آزادی کے بغیر شفاف معاشرے کا قیام ممکن نہیں: وزیراعلیٰ سندھ

صحافت کی آزادی کے بغیر شفاف معاشرے کا قیام ممکن نہیں: وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس کی آزادی کا احترام سب پر لازم ہے، حق اور سچ کی آواز بلند کرنے والے صحافی معاشرے کا فخر ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے پروٹیکشن آف جرنلسٹس ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، دورانِ فرض جانیں نچھاور کرنے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافت کی آزادی کے بغیر شفاف معاشرے کا قیام ممکن نہیں، ہمیشہ تنقید کو مثبت لیا، آزاد صحافت ہی حکومت کی اصلاح میں مددگار ہوتی ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انڈومنٹ فنڈ کے لیے سندھ حکومت پیش پیش ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صحافی برادری کو مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں صحافتی اقدار کو برقرار رکھنا بڑی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت صحافت پر کسی بھی قسم کی پابندی یا قدغن کے خلاف ہے۔