خلاصہ
- مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ مالی مشکلات کے باوجود صرف چھ ماہ میں متوازن اور خسارہ فری بجٹ پیش کیا گیا، جو حکومت ہی نہیں بلکہ پوری ریاست کی مشترکہ کامیابی ہے۔
بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے بجٹ کی منظوری پر کابینہ، حکومتی جماعت اور اپوزیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بجٹ مرتب کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد حکومت کی اولین ترجیح رہی اور مختصر مدت میں مقررہ اہداف کا حصول حکومت کا بڑا اعزاز ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر ریاستی نظام کو بچایا، کیونکہ صرف عوام کے ووٹ سے قائم ہونے والا نظام ہی دیرپا ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی چھ ماہ کی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں جائے گی، نہ انتخابات سے کتراتے ہیں اور نہ ہی حالات سے ڈرتے ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اگر نیت صاف ہو تو ناممکن کام بھی ممکن ہو جاتے ہیں، جبکہ مذاکرات اور ڈائیلاگ ہی ہر مسئلے کا مستقل حل ہیں، انہوں نے کہا کہ لاشوں کی قیمت پر مسائل کا حل نکالنا افسوسناک ہے اور موجودہ اسمبلی کی مدت پوری ہونا جمہوریت کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے وقت ملی جب عوام کا ریاستی نظام پر اعتماد متزلزل ہو چکا تھا، تاہم محدود وسائل کے باوجود ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔
ان کے مطابق الیکشن کمیشن کے لیے 2 ارب روپے فراہم کیے گئے، آمدن اور اخراجات میں توازن برقرار رکھا گیا اور کسی محکمے کو فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی گئی، سابقہ اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے آزادی اظہار رائے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم رکھی جائے گی، جبکہ سوشل میڈیا پر عوامی نمائندوں کو ڈرانا دھمکانا افسوسناک عمل ہے، انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی نے مختصر دور حکومت میں مثالی تعاون فراہم کیا اور ریاست کو اپنے وسائل پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر نے متعدد ترقیاتی اعلانات بھی کیے۔ انہوں نے کھائی گلہ کو سب ڈویژن، جبکہ چکسواری، پانیولا، کھڑی شریف اور گھڑی دوپٹہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔
ایڈہاک ملازمین اور بیلداروں کو مستقل کرنے، بابون، تولی پیر، گنگا چوٹی، پیر اسی مار، نیل فیری اور دیگر سیاحتی مقامات پر ٹورسٹ ریزورٹس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے چکسواری، دھیرکوٹ اور شاردہ میں فائر بریگیڈ اسٹیشن، آٹھمقام، جورا اور کٹن میں ریسکیو سینٹرز، چکسواری میں ٹیکنیکل کالج اور بنگوئین نالہ ماہل پر آر سی سی پل تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اس کے علاوہ فاطمہ جناح لیڈی پارک مظفرآباد کا پرانا نام بحال کرنے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹھمقام کو 60 سے بڑھا کر 100 بستروں پر مشتمل کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود عوامی خدمت اور ریاستی استحکام کا سفر جاری رکھا جائے گا۔