بلوچستان کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں جسمانی سزا پر مکمل پابندی عائد

بلوچستان کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں جسمانی سزا پر مکمل پابندی عائد

اعلامیے کے مطابق کسی بھی طالب علم کو تھپڑ مارنے، چھڑی یا کسی بھی دوسری چیز سے جسمانی سزا دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ طلبہ کی تذلیل، دھمکیاں دینا یا ذہنی اذیت پہنچانا بھی سزا کے زمرے میں شمار کیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ اسکولوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے پرتشدد طریقوں کے بجائے دوستانہ، مثبت اور غیر تشدد پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے۔ اساتذہ کو طلبہ سے خوش اخلاقی اور مثبت طرزِ عمل اپنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسمانی سزا سے متعلق موصول ہونے والی ہر شکایت کی فوری تحقیقات کی جائیں گی اور اس کی رپورٹ متعلقہ ضلعی ایجوکیشن آفیسر کو ارسال کی جائے گی۔

محکمہ تعلیم نے بلوچستان کے ہر اسکول میں شکایات کے اندراج کے لیے کمپلینٹ رجسٹر رکھنے کا بھی حکم دیا ہے، جبکہ اساتذہ، والدین اور طلبہ میں بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ اور دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔