وزیراعظم شہباز شریف دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے

اتاترک ایئرپورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، وزارت خارجہ کے حکام اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما پاک۔ترکیہ تعلقات کے مختلف شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔

ملاقات میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر توجہ دی جائے گی، جبکہ علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوگا۔

دورے کے دوران وزیراعظم استنبول میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، نجکاری اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔

کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر معزز شخصیات بھی شرکت کریں گی۔