ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی برقرار، متعدد علاقوں میں بارش کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی برقرار، متعدد علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں سب سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ دالبندین، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ سکھر میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور چلاس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گلگت میں پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب عالمی سطح پر بھی شدید گرمی کی لہریں تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کے نتیجے میں بیماریوں، اموات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شدید گرمی کی لہریں مستقبل میں معمول بنتی جا رہی ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی حکمت عملی اختیار کریں، جبکہ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت میں اضافے کے باعث آئندہ برسوں میں شدید گرمی کے واقعات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔