خلاصہ
- گلگت بلتستان :(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخت حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے 100 روزہ پلان تیار کیا جائے اور عوام کے درمیان رہ کر حکومت چلائیں۔
بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس گلگت میں پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گلگت بلتستان کے پہلے گورنر قمر زمان کائرہ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ اور پارٹی کے دیگر رہنما و عہدیداران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران پارٹی عہدیداران نےچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کو آئندہ انتخابات سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی، جبکہ گلگت بلتستان میں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ بند کمروں میں بیٹھنے کے بجائے عوام کے درمیان رہ کر حکومت چلائیں اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے 100 روزہ جامع منصوبہ تیار کیا جائے اور مقررہ مدت کے بعد اس پر عملدرآمد کی کارکردگی رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے ہدایت کی کہ حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے جب کہ حقِ حاکمیت کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے بھی فوری طور پر گراؤنڈ ورک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پارٹی تنظیم کو عوامی رابطہ مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔