خلاصہ
- کوئٹہ: (دنیا نیوز) آپریشن شعبان کے تحت پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی کارروائیوں میں شدت آ گئی، 5 جولائی سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 105 ہو گئی۔ مزید 21 خارجی ہلاک ہو گئے جس کے بعد جہنم واصل دہشتگردوں کی تعداد 64 ہو چکی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے کے خلاف علاقے میں ہوائی اور زمینی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 3 خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آپریشن شعبان میں جہنم واصل ہونے والوں کی مجموعی تعداد 67 ہو گئی ہے، پانچ جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 105 خارجی دہشتگرد جہنم واصل ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو فضائی اور زمینی آپریشنز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، اسکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں این 25 کراسنگ کے قریب کارروائی کی، جس میں فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ، دستی بم، موٹرسائیکل، موبائل فون و دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
وزیراعظم نے آپریشن شعبان کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی، پوری قوم اپنی بہادر افواج اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ 5 جولائی کو فتنہ الخوارج نے ہنہ اوڑک میں نہتے عام شہریوں کو نشانہ بنایا تھا، دہشت گردوں کے حملے میں 4 شہری شہید اور ایک زخمی ہو گیا، اس پر وزیراعظم کی سربراہی میں کوئٹہ میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔
اپیکس کمیٹی اجلاس میں فتنہ الخوارج کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا جو جاری ہے، بلوچستان میں شعبان کے علاقے میں فتنہ الخوارج کی کمین گاہیں موجود ہیں، جہاں پاک فوج، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز کے جوان آپریشن میں مصروف ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے، جبکہ مسلسل پیش قدمی بھی جاری ہے، آپریشن شعبان کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے درجنوں دہشتگرد جہنم واصل کیے جا چکے ہیں۔