ٹیکنالوجی سے مستفید نوجوان ہی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے: مریم نواز

ٹیکنالوجی سے مستفید نوجوان ہی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے: مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے نوجوان کو ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو لانسنگ، آئی ٹی اور ٹیکنیکل ٹریڈز میں شمولیت کی ہدایت کی ہے۔

مریم نواز شریف نے ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پرخصوصی پیغام میں کہا کہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے مستفید نوجوان ہی ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے، نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں، آسان کاروبار اور آسان فنانس سکیم کے تحت ایک لاکھ8 ہزار سے زائد لوگوں کو قرض فراہم کیا گیا، آسان کاروبار سکیم کے تحت نوجوانوں کو 10 لاکھ سے تین کروڑ روپے تک کا بلاسود قرض دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت2ہزار نوجوانوں کو 60ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جارہا ہے، وکیشنل ٹریننگ نسٹیٹیوٹ میں عالمی معیار کے مطابق ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن،میسن، ویلڈر، ٹائل فکسر اور ہیوی وہیکل مینٹی ننس جیسے جدید کورسز سکھائے جا رہے ہیں جبکہ پنجاب بھر سے 10,000 نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں ملازمتیں فراہم کی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ نصاب میں ای-کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں۔ سحر پروگرام سے صوبے بھر کی 5,365 خواتین کو جدید بیوٹیفکیشن، ہاسپیٹلٹی اور ایئرلائن مینجمنٹ کورسز کروائے جا رہے ہیں،سحر پروگرام میں خواتین کو مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ 7,500 روپے وظیفہ دیا جارہا ہے۔