خلاصہ
- پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے لنڈی کوتل اور جمرود میں سیلابی ریلے میں پہنے والے 6 افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل اور جمرود میں طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں کے بعد ریسکیو 1122 کا امدادی و ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ آپریشن میں 50 سے زائد اہلکاروں اور غوطہ خور ٹیموں نے حصہ لیا، پاک افغان شاہراہ پر سیلابی پانی میں پھنسنے والی 100 سے زائد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جب کہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی 3 گاڑیوں سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ لنڈی کوتل سے دو نوجوانوں کی لاشیں ریکور کی گئیں جب کہ جمرود کے مختلف علاقوں سے ایک بچے اور ایک خاتون سمیت مزید چار افراد کی لاشیں نکال کر قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دی گئیں، اس طرح ضلع خیبر میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کا کہنا تھا کہ علی مسجد کیمپ، لنڈی کوتل، سلطان خیل، جمرود اور تختہ بیگ کے علاقوں میں آپریشن مکمل کرکے راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی بحال کر دی گئی ہے، تاہم امدادی ٹیمیں اب بھی متاثرہ علاقوں میں الرٹ ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شارق ریاض خٹک نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور سیلابی علاقوں کے قریب نہ جائیں اور بچوں کو پانی کے قریب جانے سے روکیں۔