پاکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فلپائن میں آسیان ریجنل فورم کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران اعلیٰ سطح تبادلوں، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق وزرائے خارجہ نے خطے اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا، عمانی وزیر خارجہ نے مکالمے کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین نے خطے کی حالیہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی برقرار رکھنے اور بین الاقوامی قانون کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک نیوزی لینڈ وزرائے خارجہ کی ملاقات

بعدازاں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلق پر بات کی، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری عوامی رابطے بڑھانے اور کھیل کے شعبہ میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ادارہ جاتی روابط اور اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں پر زور دیا، خطہ اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ نے امریکہ ایران کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا، مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور خطہ میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔