خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) خیراتی مینڈیٹ والی جماعت ہے، اس کے منہ سے الیکشن اور ووٹوں کی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نواز شریف صاحب بتائیں کہ ووٹ کو عزت کب دینی ہے؟ سیاست اپنی جگہ مگر سندھ اور کشمیر کی سرزمین و عوام کو طنز و مزاح کا موضوع نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابل قبول نہیں، سابق وزیراعظم کا یہ رویہ غیر سنجیدہ اور مضحکہ خیز ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیان سے لاکھوں پاکستانیوں، کشمیر اور سندھ کے عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، کسی شہر یا ضلع کا نام سیاسی تقریر میں مذاق یا تقابل کے انداز میں استعمال کرنا شعوری پسماندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی قومی جدوجہد کی علامت ہے جبکہ سندھ کا ہر شہر بھی اتنا ہی محترم اور عزیز ہے، قومی رہنماؤں کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو عوام میں احساس محرومی یا تفریق کو جنم دیں۔
سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ قومی یکجہتی، باہمی احترام اور سنجیدہ سیاسی رویوں کی ضرورت ہے، تقسیم اور تمسخر پر مبنی سیاست قومی مفاد کے بجائے سیاسی نقصان کا سبب بنتی ہے۔