خلاصہ
- سیالکوٹ:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایکشن کمیٹی پاکستان اور کشمیر کے تاریخی رشتے کو چیلنج کر رہی ہے۔
اپنے آبائی علاقے سیالکوٹ میں ایک سیاسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ ایل اے 36 جموں 3 کے امیدوار کی حمایت میں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1947ء میں لاکھوں مہاجرین خون کی لکیر عبور کر کے پاکستان پہنچے اور تقریباً اڑھائی لاکھ افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی، پاکستان میں ان مہاجرین کی ہمیشہ مہمان نوازی کی گئی۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ گزشتہ 78 برسوں کے دوران انتخابات میں اختلافات اور تضادات سامنے آتے رہے، تاہم اب جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنا کر پاکستان میں آباد مہاجرین کے معاملے کو ایک اہم ایشو بنایا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک گروہ نے پیپلز پارٹی کی حکومت اور پاکستانی حکومت کو بلیک میل کر کے 25 ارب روپے وصول کیے جب کہ یہی ایکشن کمیٹی اب پاکستان اور آزاد کشمیر کے باہمی رشتے کو چیلنج کر رہی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل، بالخصوص نکاسی آب سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔