خاران میں سوشل میڈیا پروپیگنڈا کی مبینہ کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کے ردِعمل پر دہشتگرد فرار

خاران میں سوشل میڈیا پروپیگنڈا کی مبینہ کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کے ردِعمل پر دہشتگرد فرار

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیوں کے باعث دہشتگرد تنظیم اب میدانِ عمل کے بجائے سوشل میڈیا پر گمراہ کن بیانیہ تشکیل دینے کی کوششوں تک محدود ہو چکی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشتگرد مختلف علاقوں میں سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں تاکہ سوشل میڈیا پر انہیں استعمال کرتے ہوئے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا سکے۔

اسی مقصد کے تحت خاران میں بھی مبینہ دراندازی کی کوشش کی گئی، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث دہشتگرد اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے اور فرار ہو گئے۔

 ذرائع نے بتایا کہ یہ بھی مشاہدے میں آیا ہے کہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز کی موجودگی یا ان کی آمد کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر راہِ فرار اختیار کر لیتے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع  کا کہنا تھا  کہ خاران میں دہشتگردوں کی مبینہ اندھا دھند فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔

ذرائع نے کہا کہ  شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بوکھلاہٹ اور ناکامی کا اظہار ہے۔