خلاصہ
- سوات: (دنیا نیوز) سوات میں تھانہ کبل کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا، حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید جبکہ 23 زخمی ہوگئے، تھانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور تمام شہداء اور زخمیوں کو سنٹرل ہسپتال سوات منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی قیادت میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا، جبکہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر بھی ملا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے بارودی مواد کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہیں، تاہم حتمی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔