ڈی جی پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے انہیں ریسکیو کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران ہنگامی تیاریوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی حکمت عملی اور رسپانس کی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر رسپانس کی صلاحیت بڑھانے کے لیے نئی تربیتی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔

پی ڈی ایم اے اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ جدید واٹر ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس، ڈی واٹرنگ پمپس، ریسکیو گاڑیوں اور دیگر ضروری آلات کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو ممکنہ بارشوں اور اربن فلڈنگ کے پیشگی الرٹس جاری کردیئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کم سے کم رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ کنٹرول روم کا نظام مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

سیف انور جپہ کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں فلڈ مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال ہے، دریاؤں اور ڈیمز کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع دی جائے گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام متعلقہ محکموں کو مشینری اور عملہ ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔