پنجاب بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ

پنجاب بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں بارش متوقع ہے، جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش کا امکان ہے، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، پاکپتن، خوشاب، لیہ، بھکر اور نورپور تھل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ممکنہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر پنجاب کے متعلقہ محکمے ہائی الرٹ

انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

سیف انور جپہ نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں، مون سون کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔