خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔
مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔
فضل الرحمان کے وفد میں کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع شامل تھے جبکہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر موجود تھے۔
ملاقات سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے ہاتھ میں ہوتا تو اب تک بانی پی ٹی آئی کا علاج بھی ہوچکا ہوتا۔
.jpg)
اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈران سے مشاورت ہوئی ہے، اصولی طور پر اتفاق ہوا ہے کہ ہمیں متحدہ اپوزیشن کی طرف جانا چاہیے، ہم مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی، اس پر مزید ملاقاتیں ہوں گی، امید ہے کہ اچھا آغاز ہو، اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے بھی ماحول بننا چاہیے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا پیپلزپارٹی کو ساتھ ملائیں گے؟ اس پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں ہے۔