خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، عوامی منصوبوں اور حلقوں سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کرنے والے ارکان میں محمد سلمان، نازک کریم اور ملک لعل محمد شامل تھے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے ملتان وہاڑی دو رویہ سڑک کی تعمیر پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ملتان شہر کی خوبصورتی، گلگشت برانڈ روڈ کی تعمیر و بحالی کے اقدامات کو بھی سراہا۔
مریم نواز شریف نے ملتان شہر میں جلد الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا اور ارکان صوبائی اسمبلی کو شہری آبادی اور دیہی علاقوں میں شجرکاری مہم چلانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مؤثر مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی اپ گریڈیشن قابل تحسین ہے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں ثابت ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی پورے ملک کی مقبول اور حقیقی عوامی جماعت ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخی شہر ملتان میں سیاحتی حب بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو محفوظ سفری سہولتیں فراہم کرنا اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سمیت ملتان کے دیگر تاریخی مقامات کی بحالی کے لیے اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔