آزاد کشمیر: شرپسندوں کی فائرنگ سے ایف سی جوان شہید، رینجرز اہلکار زخمی

آزاد کشمیر: شرپسندوں کی فائرنگ سے ایف سی جوان شہید، رینجرز اہلکار زخمی

آزاد جموں وکشمیر پولیس کے مطابق چھترہ ٹوپی روڈ پر قائم کوپرہ پولیس چوکی (ضلع باغ) اور تراڑکھل ایکسز پر فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، بزدلانہ حملے میں ایف سی اہلکار رحیم گل شہید جبکہ پاکستان رینجرزکا اہلکار زخمی ہوگیا۔

ترجمان آزاد جموں کشمیر پولیس کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کا بھرپوراورمؤثر جواب دیا، سکیورٹی فورسزنے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے 2 ہینڈ گرنیڈ، ایک کلاشنکوف، 3 میگزین بمع ایمونیشن اور ایک خنجربرآمد کیا گیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو محاصرے میں لیکر فرار حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیرمیں عوامی حقوق کی آڑ میں فسادی شرپسند پُرتشدد کارروائیوں پر اتر آئے ہیں، شرپسند عناصر کیخلاف بلا امتیاز سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی، ملزمان کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔