لاہور ہائیکورٹ کی نئی عمارت میں 26 نئی عدالتوں کا افتتاح

لاہور ہائیکورٹ کی نئی عمارت میں 26 نئی عدالتوں کا افتتاح

لاہور ہائیکورٹ کا فل کورٹ اجلاس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں عدالتِ عالیہ کے ججز نے شرکت کی، اجلاس میں چیف جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے عدلیہ میں کی جانے والی اصلاحات، سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی اور زیرِ التوا مقدمات میں کمی کے لیے کیے گئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

فل کورٹ اجلاس میں عدالتی نظام میں بہتری، سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی اور آئی ٹی نظام سے مؤثر استفادے سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے عدلیہ کے لیے کیے گئے مختلف اصلاحاتی اقدامات اور منصوبوں سے متعلق ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔

ججز نے لاہور ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں زیرِ التوا مقدمات میں نمایاں کمی پر چیف جسٹس عالیہ نیلم کی کاوشوں کو سراہا، اجلاس میں پیش کی گئی تمام تجاویز کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

فل کورٹ اجلاس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے دیگر ججز کے ہمراہ عدالتِ عالیہ کی نئی 11 منزلہ کثیرالمنزلہ عمارت کا افتتاح کیا، نئی عمارت میں 26 نئی عدالتیں قائم کی گئی ہیں، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں عدالتوں کی مجموعی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

نئی عمارت میں ایک گراؤنڈ فلور، 8 بالائی منزلیں اور 2 زیرِ زمین منزلیں شامل ہیں، دونوں زیرِ زمین منزلیں فاضل ججز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص کی گئی ہیں، جبکہ ایک منزل پر جدید کانفرنس روم اور دو منزلوں پر عدالتی ریکارڈ رومز قائم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب عمارت میں ہائیکورٹ ملازمین اور پولیس اہلکاروں کے لیے کیفے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، افتتاح کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے ججز بھی موجود تھے۔