خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سمندری حدود کے نگہبانوں کو قوم کا سلام، 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کے نام، ملک بھر میں آج یوم بحریہ منایا جارہا ہے۔
جنگ ستمبر میں پاک بحریہ نے اپنی صلاحیتوں اور بہادری کا لوہا منوایا، سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ دشمن کیخلاف اہم کارروائیاں انجام دیں، آپریشن دوارکا کو بحریہ کی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
کراچی سے تقریبا 350 کلو میٹر دور دوارکا کو بھارت کے دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، ریڈار سٹیشن سے بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کی جا رہی تھی، پاک بحریہ نے ریڈار سٹیشن کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا۔
7 جنگی جہازوں پر مشتمل پاک بحریہ کا جنگی بیڑا ریڈیو سگنلز کے بغیر آگے بڑھا، بحری فوج نے چند منٹ کےدوران بھارتی ریڈار سٹیشن مکمل تباہ کر دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نیوی کے افسران، سیلرز اور سویلینز کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، آپریشن سومناتھ پاکستان نیوی کی شاندار تاریخ کی یاد دلاتا ہے، 7 اور 8 ستمبر 1965 کی شب آپریشن سومناتھ بہادری اور عزم کا مظہر تھا۔
صدر مملکت نے کہا کہ مئی 2025 میں مارکۂ حق کے دوران پاکستان نیوی نے اہم کردار ادا کیا، پاکستان نیوی نے آپریشنل تیاری اور پیش قدمی سے بھارتی بحریہ کو مؤثر انداز میں روکے رکھا، پاکستان نیوی نے ملکی بحری مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے جاری تنازع کے دوران آپریشن محافظُ البحر کے ذریعے پاکستان کی توانائی سلامتی یقینی بنائی، پاکستان نیوی جدید ٹیکنالوجی کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل جدید بنا رہی ہے، ہنگور کلاس آبدوزوں، جدید جنگی جہازوں، طیاروں اور بغیر پائلٹ نظام کی شمولیت اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی ملکی سمندری مفادات کے تحفظ کے ساتھ علاقائی امن میں بھی کردار ادا کر رہی ہے، امن مشق اور امن ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان نیوی عالمی تعاون کو فروغ دے رہی ہے، قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں پاکستان نیوی قابلِ اعتماد فرسٹ ریسپانڈر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست مسلح افواج کی جدید کاری اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے پرعزم ہے، مجھے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تکنیکی برتری پر مکمل اعتماد ہے، پاکستان نیوی بہادری، وقار اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بحری مفادات کا تحفظ جاری رکھے گی۔