خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) ستمبر 1965 کی جنگ کے 18 روز تک بھارت پاکستانی افواج کے ہاتھوں اپنی جارحیت کے نتیجے میں بھاری نقصان اٹھا چکا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق دشمن بھارت کے اب تک 453 ٹینک اور 106 جنگی طیارے تباہ جبکہ 18 ٹینک پاکستان کے قبضے میں آچکے تھے، سیالکوٹ اور جموں کے محاذ پر پاک فوج نے بھارتی افواج پر اپنا دباؤ جاری رکھتے ہوئے دشمن کے مزید علاقوں پر قبضہ کیا اور بھارت کو بھاری مالی نقصان سے دوچار کیا۔
پاک فوج کے ہاتھوں واہگہ باڈر اور اٹاری سیکٹر میں بھارت کے 7 ٹینک تباہ ہوئے جبکہ 10 بھارتی فوجی جنگی قیدی بنا لئے گئے، پاکستانی توپ خانوں نے بھارتی افواج پر مسلسل گولہ باری جاری رکھتے ہوئے کھیم کرن میں دشمن کے 4 حملوں کو ناکام بنایا۔
فازیلکا، راجستھان اور اکھنور کے مقامات پر پاک فوج نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا، پاک فوج نے راجوڑی سیکٹر میں بھارتی بٹالین پر حملہ آور ہوتے ہوئے 3 بھارتی سپاہیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فضائیہ نے کمال جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے اڈے انبالہ کو نشانہ بنایا، پاک فضائیہ کے اس حملے میں انبالہ میں 4 کینبرا بمبارطیاروں اور تنصیبات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔