خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں پاک بحریہ کی یونٹس اور کریکس ایریا کا دورہ کیا اور سی سپارک 2026ء بحری مشق کا جائزہ لیا اور آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سی سپارک یکم ستمبر سے جاری ہے، مکمل بحری آپریشنز کی مشق کی جا رہی ہے، سی سپارک 2026ء میں امن سے جنگی آپریشنز کی جانب فوری منتقلی کی صلاحیت آزمائی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بدلتے جنگی تقاضوں کے پیش نظر سی اسپارک 2026 میں جدید آپریشنل تصورات شامل ہیں، مشق میں انفارمیشن انوائرمنٹ میں آپریشنز اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی مشق بھی شامل ہے۔
سی سپارک 2026 میں بغیر پائلٹ نظاموں کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے، سی سپارک 2026 پاک بحریہ کی ہمہ جہت بحری آپریشنز کی تیاری کا جائزہ ہے۔
نیول چیف نے مشق میں شریک اہلکاروں سے ملاقات کی، پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں کی آپریشنل تیاری اور عزم قابلِ تحسین ہے۔
امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں ناقابلِ تسخیر رہنے کے عزم پر پاک بحریہ کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔