اسلام آباد پہنچنے سے پہلے جماعت اسلامی کے لانگ مارچ میں بریک تھرو کا امکان

اسلام آباد پہنچنے سے پہلے جماعت اسلامی کے لانگ مارچ میں بریک تھرو کا امکان

 جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق سپر لانگ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے قبل مذاکرات میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کو بڑا عوامی ریلیف پیکیج دینے کی پیشکش کی ہے، تاہم ریلیف پیکج پر عملدرآمد جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے مشروط ہوگا۔

دوسری جانب حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کی قیادت کووزیراعظم شہباز شریف کے اس معاملے پر آن بورڈ ہونے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ملک واپسی پر جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات بھی متوقع ہے جب کہ وزیراعظم کی جانب سے جماعت اسلامی کی قیادت سے براہِ راست رابطے کا بھی امکان ہے۔

جماعت اسلامی ذرائع نے بتایا اگر حکومت عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہے تو لانگ مارچ میں عارضی وقفہ ممکن ہے، تاہم لیوی بھتہ کے حتمی خاتمے تک لانگ مارچ ختم نہیں کیا جائے گا۔

مذاکرات کے دوران حکومتی رکن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور عوام کو ریلیف دینے کے کسی بھی اقدام پر خوشی محسوس ہوگی۔

جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہی تحریک کی بنیادی وجہ ہے، اگر حکومت سنجیدہ ہے تو وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکرات میں آن بورڈ آنا پڑے گا۔