خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امورجین نیول بیروٹ سے ملاقات ہوئی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پرسینیٹر محمد اسحاق ڈار نےجین نیول بیروٹ سے ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجماننے بتایا کہ اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی روابط سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا، دونوں جانب سے باہمی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ روابط کے فروغ کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال بھی زیر بحث آئی، اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے حل اور دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی سفارتی کوششوں کو سراہا، فریقین نے ایران کی صورتحال اور خطے میں سفارتی روابط کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں اسلام آباد ایم او یو پر عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی جب کہ فرانسیسی وزیر خارجہ جین نیول بیروٹ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔