خلاصہ
- صوابی: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے ترکئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بانی پی ٹی آئی نے تیس سال گزارے، بہت سے مراحل سے گزرے۔
اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار لانگ مارچ کئے، بانی پی ٹی آئی نے اس وقت یہ بات کی تھی کہ آزاد عدلیہ چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی عوام کا اختیار اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہم اس لیے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر ایف آئی آرز درج ہوئیں، سختی ہوئی ہے لیکن ہم کھڑے ہیں، بانی پی ٹی آئی پر ناجائز، غلط اور جھوٹے مقدمات قائم ہوئے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے کہ ہماری خارجہ پالیسی ہو، ہم آزاد قوم ہیں، بانی پی ٹی آئی کو اس کی سزا مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خیبرپختونخوا پر آٹے کی پابندی لگا دی، ملک میں مہنگائی کا سیلاب، بے روزگاری بڑھ گئی، شہباز شریف دنیا کے دورے کر رہے ہیں، عوام اور ملک کو کیا ملا؟
اسد قیصر نے کہا کہ پٹرول اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، میاں نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا، آپ پچاس ہزار ووٹوں سے ہارے، آپ کا بھائی ہارا، سب ہارے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اپنے بھائی سے پوچھیں، پنجاب میں آپ نے جو فسطائیت ہمارے ورکرز کے ساتھ کی، وزیر اطلاعات دھمکیاں دے رہے ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا درس امن کا ہے، یہ ٹیسٹ میچ ہے، ہم پرامن ہیں، ہم اپنے ورکرز کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، جو اشتعال دلاتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جو مطالبات پیش کیے، ہمارے وہی مطالبات ہیں۔