خلاصہ
- مظفرآباد: (محمد اسلم میر) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا تعلق انمٹ ہے، ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھر کشمیری۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ ہر کشمیری کے دل کی آواز ہے۔
چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ پاکستان بھر کی بارز اور وکلاء نے آزاد کشمیر کی عدلیہ اور عوام کو ہمیشہ محبت اور عزت دی ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر کی عدلیہ و وکلاء کے درمیان دیرینہ اور مضبوط روابط قائم ہیں۔
.jpg)
راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جوڈیشل سسٹم کے قیام اور استحکام میں پاکستان کی عدلیہ اور وکلاء کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے کے بعد عدالتی نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات پر توجہ مرکوز کی، جبکہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ میں 2025-26 کے مقدمات کے فیصلے پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہیں۔
جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ پاکستان میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد فوج، بیوروکریسی، عدلیہ، وکالت سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، 18 سال بعد اپنی بار میں بطور چیف جسٹس آزاد کشمیر کھڑا ہونا میرے لیے انتہائی جذباتی اور اعزاز کا لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات، سیالکوٹ، نارووال، کراچی اور ہائی کورٹ بار سمیت پاکستان بھر کی بارز نے ہمیشہ محبت اور عزت دی، پاکستان سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے وکلاء کو آزاد کشمیر کی اعلیٰ عدالتوں میں پیشی کا موقع ملنا چاہیے۔
.jpg)
چیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم کورٹ راجہ سعید اکرم نے کہا کہ جج صاحبان کو وکلاء قانون کی روشنی میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں، عدلیہ اور وکلاء کا تعاون انصاف کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میرپور میں بھی تقریب کے انعقاد کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی وکلاء برادری کے روابط مزید مضبوط ہوں۔