خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا ہے کہ غزہ میں شہریوں کا تحفظ، بلا رکاوٹ انسانی امداد اور عالمی قانون کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔
اپنے بیان میں عثمان جدون نے کہا کہ انسانی حقوق کے نظام کی ساکھ اصولوں اور عملدرآمد کے درمیان خلیج ختم کرنے سے جڑی ہے، عالمی قانون اور انسانی حقوق کے اصول ایک جگہ لاگو اور دوسری جگہ نظر انداز کرنا قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی مصیبت عالمی برادری کے انسانی حقوق سے عزم کا فیصلہ کن امتحان ہے، فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا اعادہ کرتے ہیں، حق خودارادیت کا اصول جموں و کشمیر کے عوام پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
عثمان جدون کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تقریباً 8 دہائیوں سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، سلاموفوبیا، نسل پرستی اور اجنبی بیزاری کے بڑھتے رجحانات کا مقابلہ کرنا ہوگا، انسانی وقار کا انحصار کسی شخص کے مذہب، قومیت یا شناخت پر نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق سے متعلق وعدوں اور زمینی حقائق کے درمیان خلیج ختم کرنا ہوگی، وقار کا تعین طاقت سے نہیں، انصاف سیاست سے مشروط نہیں اور ترقی کوئی مراعات نہیں، انسانی حقوق کے اصولوں کا عالمگیر اور بلا امتیاز اطلاق یقینی بنایا جائے۔