تبدیلی گالیاں دینے سے نہیں، کچھ کر دکھانے سے آتی ہے: احسن اقبال

تبدیلی گالیاں دینے سے نہیں، کچھ کر دکھانے سے آتی ہے: احسن اقبال

احسن اقبال نے کہا کہ اساتذہ کی محنت سے ملک کا مستقبل روشن اور مضبوط ہے، اچھے استاد قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج نارووال علم اور یونیورسٹیوں کا شہر بن چکا ہے، یہ تبدیلی ہے، تبدیلی گالیاں دینے یا کسی کو چور، چور کہنے سے نہیں آتی بلکہ کچھ کر کے دکھانے سے آتی ہے، اور ہم نے کر دکھایا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے غریبوں کے بیٹے اور بیٹیاں غربت کی زنجیریں کاٹ سکتے ہیں، نارووال کی دھرتی نے انہیں دولت کی وجہ سے نہیں بلکہ تعلیم کی وجہ سے منتخب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عہد کیا تھا کہ غریبوں کے بیٹے اور بیٹیوں کے لیے بہترین تعلیمی ادارے لائیں گے، آج پاکستان بھر میں نارووال کی تعلیمی ترقی کی مثالیں دی جاتی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ نارووال کے نوجوانوں کو میڈیکل تعلیم کے لیے ضلع چھوڑنے کی ضرورت نہیں، سینکڑوں بچیاں یو ای ٹی نارووال سے انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں جبکہ ہزاروں بچیاں یونیورسٹی آف نارووال میں تعلیم حاصل کرکے اپنے خواب پورے کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ذہنی آزادی کی حفاظت کریں اور نفرت و تعصب کو اپنے ذہن پر حاوی نہ ہونے دیں۔ آزادانہ سوچ ہی انسان کو بلندیوں کی طرف لے جا سکتی ہے، ذہن بند ہوجائے تو نئے افکار کی بلندیوں تک نہیں پہنچا جا سکتا۔