خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے امن جرگہ 2025 کے مشترکہ اعلامیے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی منظوری سے سکیورٹی سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کمیٹی نے صوبائی حکومت، گورنر، سیاسی قیادت، منتخب نمائندوں، مسلح افواج اور دیگر متعلقہ سکیورٹی اداروں سے رابطہ کیا۔
اسی مشاورتی عمل کے تسلسل میں 12 نومبر 2025 کو امن جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں سیاسی جماعتوں کے 30 سے زائد اہم ارکان، منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔
تفصیلی غور و خوض کے بعد جرگے نے ایک مشترکہ اعلامیہ منظور کیا، مذکورہ مشترکہ اعلامیہ مناسب غور و خوض کے لیے وزیراعظم کے دفتر کو بھی ارسال کیا گیا تھا۔
خط کے مطابق سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں جامع معلومات حاصل کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں سے تفصیلی بریفنگز لی گئیں۔
ایسی بریفنگز کے حصول کا مقصد سکیورٹی اداروں کی عملی ذمہ داریوں میں مداخلت کرنا نہیں تھا بلکہ یہ یقینی بنانا تھا کہ منتخب نمائندے اپنے حلقوں اور عوام کو براہِ راست متاثر کرنے والے معاملات سے مکمل طور پر باخبر رہیں۔
سپیکر نے کہا کہ کمیٹی نے ان بریفنگز کی روشنی میں سکیورٹی کی صورتحال پر ایک رپورٹ تیار کی ہے اور کمیٹی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ فریقوں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے۔
خط میں کہا گیا کہ رپورٹ کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد متعلقہ فریقوں کے ساتھ بطور رہنما پالیسی دستاویز شیئر کیا جائے گا، امید ہے بامعنی مشاورت اور غور و خوض کے بعد رپورٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششوں میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، رپورٹ کو منظور کیے جانے کے بعد قومی ایکشن پلان میں شامل کرنے کے لیے وزیراعظم کے دفتر کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کا دفتر خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دیرپا اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش میں تعاون فراہم کرے گا۔