خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تحریک انصاف کو لانگ مارچ ختم کرکے مذاکرات کرنے کی پیشکش کر دی۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انشاءاللہ ایک دن یہ شاہراہ کشمیر اور سری نگر پہنچے گی، تاہم سڑکیں، انڈرپاسز اور پل عوام کی سفری سہولیات کیلئے بنائی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دھرنوں اور لانگ مارچ کے بھیانک سائے دوبارہ نمودار ہورہے ہیں، اتفاق رائے سے طے کیا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ سے بامعنی، بامقصد مذاکرات کریں، مل بیٹھ کر باہمی بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈیں۔
خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی سے سپیکر چیمبر میں 2 دن بات چیت کی، امید کی جارہی تھی بات چیت سے مثبت نتائج ظاہر ہوں گے، بلکہ پرامید تھے بات چیت کے بعد دھرنوں کی سیاست کو خیرباد کہا جائے گا، بدقسمتی سے پی ٹی آئی وفد نے طے شدہ چیزوں میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش تھی بات چیت کسی طرح کامیاب نہ ہوسکے، دھرنوں اورلانگ مارچ کی سیاست کا پہلا نشانہ ملکی معیشت ہوتی ہے، ڈھائی سالوں میں ٹیم ورک کے ساتھ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب معاشی ترقی کا وقت آچکا ہے، پاکستان کے ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے، ملکی ترقی کے پہیے کو دوبارہ جان بوجھ کر جام کیا جارہا ہے، پاکستان کوعالمی سطح پر شہرت ملی، اغیار بھی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون اپنا راستہ لے گا، منفی پروپیگنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی خود سوچے آپ کی یہ کارروائی فائدہ دے گی یا نقصان؟
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو آپ کے ساتھ بیٹھیں گے، دھرنوں اورلانگ مارچ کی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، عوام کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کو کہوں گا آپ ہوش کے ناخن لیں، لانگ مارچ اور دھرنوں کو ختم کریں گے توآپ کے ساتھ بیٹھیں گے، قوم کی منشا ہے کہ پاکستان محنت، امانت اور دیانت کے ساتھ آگے بڑھے۔