پاکستان اور ویٹیکن کا بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور ویٹیکن کا بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ پر اتفاق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ہولی سی کے سیکرٹری برائے تعلقاتِ ریاست آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر کے درمیان ملاقات میں مکالمے، علاقائی و عالمی امن اور مختلف مذاہب کے درمیان افہام و تفہیم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر پاکستان اور ہولی سی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آرچ بشپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے فروغ میں ہولی سی کے کردار کو سراہا، انہوں نے پاکستان کی کیتھولک برادری کی بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ثالثی، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے امن اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے کئے جانے والے اصولی مطالبات کو سراہا۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن کے قیام کیلئے عالمی برادری کی مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور ہولی سی کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف مذاہب کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔