امریکا ایران مذاکرات کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے: انتونیو گوتریس

امریکا ایران مذاکرات کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے: انتونیو گوتریس

 وفاقی دارالحکومت میں اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ  فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے مکمل حصول تک خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

اُنہوں نے کہا پاکستان نے دہائیوں تک لاکھوں افغانوں کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے اور مشکل حالات میں بھی ہمدردی و ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، اقوام متحدہ افغانوں کی رضاکارانہ، محفوظ اور باوقار واپسی کے اصول کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان کو یکجہتی اور حل کا ذریعہ سمجھتا ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ نے دہشتگردی اور جائز سکیورٹی خدشات سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں استقامت اور حوصلے کو سراہا۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے دو شدید ترین تنازعات، خلیج و مشرق وسطیٰ اور یوکرین جنگ، کے حوالے سے اہم ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا  کہ پاکستان نے تقسیم شدہ دنیا میں مشکل کام کرتے ہوئے زبردست سہولت کاری اور اعتبار قائم کرکے دکھایا۔

دوسری جانب  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی کے فروغ اور تنازعات کے سفارتی حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو عالمی تنازعات اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ ترقی پذیر ممالک کی ترجیحات اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا حامی ہے اور امن، سلامتی اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے مسئلے کے حل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنانے پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، بھارت پانی کو ہتھیار بنانے سے باز آئے اور معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے دنیا کے پہلے دس ممالک میں شامل ہے۔

اسحاق ڈار نے افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگرد حملوں کے مسلسل استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی برادری سے دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر دورے کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دفتر خارجہ کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی اس موقع پر موجود تھے۔