خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف مدلل اور واضح انداز میں پیش کیا۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نیویارک کا دورہ نہایت کامیاب رہا، وزیراعظم نے اپنی تقریر میں مختلف اہم عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی اور کشمیر و فلسطین کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف دلیرانہ انداز میں پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں اور بھارت کے ساتھ جنگ کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کیا، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور اس کے نتیجے میں خطے کو درپیش مشکلات پر بھی بات کی گئی۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی ثالثی کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستانی صحافیوں سے بھی ملاقات ہوئی، جبکہ او آئی سی رابطہ گروپ کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کی گئی، پاکستان کی صدارت میں سلامتی کونسل میں مسائل کے حل سے متعلق ایک قرارداد بھی منظور ہوئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ 47 سال بعد امریکا اور ایران کے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اسلام آباد میں ہوئے، جو پاکستان کی سفارتی کوششوں کی اہم پیش رفت ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران آبنائے ہرمز اور باب المندب سمیت اہم عالمی بحری راستوں کے حوالے سے پاکستان کا واضح مؤقف پیش کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اہم بحری راستے عالمی معیشت کی شہ رگ ہیں اور انہیں ہر صورت کھلا رہنا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے مفید اور اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے بہت بڑے حمایتی ہیں، جبکہ انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا کہ شہباز شریف کے دورۂ اقوام متحدہ کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے رابطے اور ملاقاتیں پاکستان کے مؤقف کو اُجاگر کرنے کے حوالے سے اہم رہی۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی شخصیات سے مفید ملاقاتیں ہوئیں، اُنہوں نے عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جب کہ ان کی تقریر کے دوران متعدد بار ہال میں تالیاں بجیں، اُن کو اس حوالے سے کریڈٹ دینا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس، پرنس رحیم آغا خان اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی، سماجی اور ترقیاتی امور سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے معاملے پر بھی بات کی، اس کے علاوہ وزیراعظم نے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی، پاکستان، امریکا بزنس کونسل کے وفد نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔